لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں عباسی کلھوڑا تنظیم کی جانب سے شہر کے ولید محلہ میں 40واں دور روزہ مفت آئی کیمپ کا افتتاح سابق رکن سندھ اسمبلی اور لاڑکانہ عوامی اتحاد کے کنوینر حاجی منور عباسی نے کیا۔ اس موقع پر دور دراز سے آنے والے 800 مریضوں کے علاج کے ساتھ 150 مریضوں کو آپریشن کرنے کے لیے کیمپ میں داخل کیا گیا۔ کیمپ میں ماہر سرجن ڈاکٹر محمد خان شیخ اور ڈاکٹر دبیر عالم و دیگر نے مریضوں کا معائنہ کرکے انہیں مفت ادویات بھی دیں۔ اس موقع پر حاجی منور عباسی نے بتایا کہ گزشہ 40 سال سے انسانیت کی خدمت کررہے ہیں اور دعا ہے کہ اللہ پاک اس خدمت کو قبول کرے۔ واضح رہے کہ دو روزہ کیمپ آج بھی جاری رہے گا، جہاں متعدد مریضوں کی آنکھوں کا مفت آپریشن بھی کیا جائے گا۔