نیازی نیب گٹھ جوڑناکام ، ہماری نیک نیتی کی گواہی عدالت میں بھی سنی گئی، شہباز شریف

107

لندن (صباح نیوز+ مانیٹرنگ ڈیسک) لندن میں اپنے بھائی میاں نواز شریف کی علاج کے غرض سے موجود مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیازی نیب گٹھ جوڑ ایک بار پھر ناکام ہوگیا، ہماری نیک نیتی کی گواہی کل عدالتِ عظمیٰ میں بھی سنی گئی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور ان کی ٹیم کی بے گناہی ایک ایک کر کے سامنے آرہی ہے،اللہ کا شکر ہے جس نے سچ اور جھوٹ کو الگ الگ کر کے دکھا دیا، کل جس طرح قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپنی درخواستیں واپس لیں اور عدالت نے جو ریمارکس دیے، اس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھاکہ میری ضمانت منسوخ کرنے کے لیے عمران نیازی اور نیب نے درخواست دی، ہمیشہ کہتا رہا یہ گٹھ جوڑ ہے مگر اب اس میں کوئی شک نہیں رہا،ان کا کہنا تھا کہ نعیم بخاری وکیل ہیں اور وہ پی ٹی آئی کی اندرونی ٹیم اور پی ٹی آئی کا حصہ ہیں،ضمانت منسوخی کی نیب درخواست پر وہ پیش ہوئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ نے سوالات کیے لیکن جب نعیم بخاری نے دیکھا کہ ان کی دال نہیں گل رہی تو انہوں نے اسی میں عافیت جانی کہ میرے خلاف جو درخواست اس کو خود واپس لے لیں، ہمارے لیے عزت کی اس سے بڑی کوئی بات نہیں ہوسکتی۔انہوں نے پاکستان کی تاریخ میں عمران خان سے جھوٹا وزیراعظم نہیں دیکھا،عمران خان کا چیمبر خالی ہے، کوئی بات نہیں سمجھتے، وہ غصے سے بھرے ہوئے احسان فراموش شخص ہیں۔ سربراہ ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جھوٹے مقدمات سے اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی، پچھلے ایک ڈیڑھ سال میں حکومتی وزرا اورمشیروں نے زہر اگلا جب کہ ہم نے صرف الزامات کی بنیاد پر قید کاٹی ہے،عمران خان اپوزیشن کے بجائے اپنا وقت ملک سنوارنے میں لگاتے توملک میں غربت نہ ہوتی۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ترقی کی،بڑے منصوبوں کے مکمل ہونے کا سہرا نواز شریف اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا کر کے دکھایا،ان کی قیادت میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آئی جب کہ ملکی وسائل سے 5 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے۔شہباز شریف کا ایک بار پھر کہنا تھا کہ مجھ پر یا میرے بچوں پر کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا، میں نے ہر چیز ظاہر کی ہے،ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوئی جب کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے ایسے وزرا بھی ہیں جن کو سزائیں ہوئیں ،معافی نامے لکھے ہوئے ہیں، حکومت کے ایسے وزرا بھی ہیں جنہوں نے قرضے معاف کروائے۔