عبدالرحمن نے کراٹے چمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا

140

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شن بوکو شوتوکان کراٹے اکیڈمی کراچی سے تعلق رکھنے والے کراٹیکا عبدالرحمن کی پاکستان واپسی اور اکیڈمی آمد پر اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے شاندار استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ عبدالرحمن نے ایران میںمنعقدہ Caspian Cup انٹرنیشنل شوتوکان /تن شن کان کراٹے چمپئن شپ میں آل پاکستان شوتوکان کراٹے فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 50کلوگرام وزن کے کومیتے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔جبکہ پاکستان شوتوکان کراٹے ٹیم نے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔آسترا ۔ایران میں ہونے والی انٹرنیشنل کراٹے چمپئن شپ میںمیزبان ایران سمیت پاکستان، بھارت، افغانستان، آزر بائیجان، آرمینیا اور ترکی کی ٹیموں نے شرکت کی۔یاد رہے شن بوکو شوتوکان کراٹے اکیڈمی کے کھلاڑی عبدالرحمن کا سال 2019میں انٹرنیشنل سطح پر یہ دوسرا گولڈ میڈل ہے، اس سے قبل وہ فروری 2019میں بھی ایران میں ہی ہونے والی آٹھویں فجر ریولوشن کپ کراٹے چمپئن شپ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں۔کراٹے کا یہ باصلاحیت کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت اس ایک سال میں2 مرتبہ کراٹے کے انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کے لئے 2گولڈ میڈل کے حصول کے باوجود پاکستان کے ارباب اختیاریا پرائیویٹ سطح کی کسی بھی اسپورٹس ایسوسی ایشنز کی طرف سے کسی بھی قسم کی کوئی سپورٹ اور پزیرائی سے ابتک محروم ہیں۔