اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے اعمال انکے سامنے آرہے ہیں۔ نئے پاکستان میں ادارے آزاد اور خود مختار ہیں، احسن اقبال صاحب! آپ کب تک کرپشن کا دفاع اور جھوٹ کا اقبال بلند کریں گے؟ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کی آنکھوں میں اس لیے کھٹکتے ہیں کہ وہ اپنی ذات کی نہیں پاکستان کے کاز کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کی آنکھوں میں اس لیے کھٹکتے ہیں کہ وہ اپنی ذات کی نہیں پاکستان کے کاز کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی پارلیمان کی بنیادی ذمہ داری اور فرض ہے۔ بلاول کا اسے اپنے سیاسی ایجنڈے سے مشروط کرنا غیر پارلیمانی، غیر آئینی اور غیر جمہوری سوچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب! کسی معاملے میں تو سیاسی بلیک میلنگ سے باہر آ کر بھی سوچیں۔ پارلیمان کو سیاسی بلیک میلنگ کیلیے استعمال کرنے کی سوچ انتہائی منفی اور پی پی پی کے اپنے دعوؤں کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں ہونے والی قانون سازی کی راہ میں روڑے اٹکانے والے مفاد پرست کہلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال صاحب! آپ کب تک کرپشن کا دفاع اور جھوٹ کا اقبال بلند کریں گے؟، شہباز شریف کے اعمال انکے سامنے آرہے ہیں، نئے پاکستان میں ادارے آزاد اور خود مختار ہیں، ان کی کارروائی کو حکومت کے ساتھ منسوب کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احسن صاحب!وقت ثابت کرے گا کہ قانون سازی کے حوالے سے کون پاکستان کے مفاد کے ساتھ کھڑا ہے اور کون اپنے مفاد کیلیے سیاست کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پہلے بہانہ بناتی تھی کہ پارلیمان میں قانون سازی کے عمل کو سنجیدہ نہیں لیا جا رہا، جب قانون سازی کا مرحلہ قریب آرہا تو اپوزیشن راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کرنا چاہتی ہے۔