پیپلز پارٹی کا بینظیر کی برسی لیاقت باغ میں منانے کا اعلان

160

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) پیپلزپارٹی نے بینظیر بھٹو کی برسی پہلی بارگڑھی خدا بخش کے بجائے جائے شہادت راولپنڈی کے لیاقت باغ میں منانے کااعلان کیاہے۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قمرزمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ پی پی چیئر مین بلاول نے فیصلہ کیا ہے 27دسمبر کو جلسہ بے نظیر کی جائے شہادت پر ہوگا،ماضی میں طاقتور انتہا پسند، سامراجی پیپلزپارٹی کا راستہ روکتے رہے، اب بھی جھوٹے مقدمات سے پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہماری قیادت نے عوام کیلیے جدوجہد کی ہے، یہاں جلسے کامشکل فیصلہ تھا کیونکہ بینظیر بھٹو اور لیاقت علی خان کی شہادت یہیں ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گلے شکوے ہر جگہ ہوتے ہیں ہم پنجاب میں سب کوساتھ لیکر چلیں گے، خطرات کو دیکھ کر سیاست کرنے سے اچھا ہے سیاست ہی چھوڑ دیں۔قمرزمان کائرہ نے کہا مولانافضل الرحمان جو کہہ رہے ہیں وہ ہی اپوزیشن کہہ رہی ہے،ان کی بات میں وزن ہے، ہم نے کبھی کسی کیس میں رعایت نہیں مانگی،آصف زرداری اورفریال تالپور پر کیسز سندھ میں بنائے گئے اور کیسز کو یہاں اٹھاکر لایا گیا، ملک میں پیپلز پارٹی کے لیے الگ اور دوسروں کے لیے قانون رہا ہے۔