اسلام آباد(آن لائن) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے کنوینر سردار ایاز صادق نے وزارت اوورسیز پاکستانی کے افسران کی کرپشن، نااہلی اور افسران کی بے حسی پر احتجاجاً استعفا دے دیا ہے۔ پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا جس میں وزارت اوورسیز کے اربوں روپے کی کرپشن پر مبنی آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا جبکہ اربوں روپے کی کرپشن کی انکوائری اگلے 15 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اجلاس برخاست کر دیا گیا۔ ذیلی کمیٹی کو 4ارب روپے کی اسکینڈل کے بارے میںنامکمل اور دھوکے پر مبنی رپورٹ دینے پر او ورسیز وزارت کے افسران کے رویے کے خلاف ڈپٹی کنوینر نور عالم اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔ اجلاس وزارت او ورسیز پاکستانی کی جوائنٹ سیکرٹری خاتون افسر جویریہ نے اپنی نااہلی اور بے حسی پر شرمسار ہو کر منہ اپنا ہاتھوں سے چھپا لیا اور شرمساری سے آنکھوں سے آنسو بہنا شروع ہو گئے جس پر سردار ایاز صادق نے تسلی دی اور کہا کہ کرپشن اور کمیشن کو گمراہ کرنے کی ذمے دار آپ نہیں بلکہ وفاقی سیکرٹری اوورسیز ہیں جو قومی فنڈز پر سیر سپاٹو ں کے لیے بنکاک بھاگ گئے ہیں جبکہ تیاری کے بغیر نااہل بے حس اور کرپٹ افسران پر مبنی افسران کی فوج پی اے سی کو بھیج دی، کنوینر کمیٹی نے کہا کہ نااہل افسران سے ملک تباہ ہو چکا ہے، اس وقت وزارتوں میں غلط حکمرانی اور بیڈ گورننس انتہا کو پہنچ چکا ہے جبکہ لاہور کے ویژن ڈویلپرہاؤسنگ میں40ارب روپے کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزمان کو بری قرار دینے پر ایف آئی اے افسران کے خلاف تحقیقات کی ذمے داری نیب حکام کو سونپنے کا عندیہ دے دیا ہے۔