کوئٹہ(نمائندہ جسارت) پاک افغان سرحدی شہر چمن میں دہشت گردوں نے لیویز تھانے کو دھماکا خیزمواد سے اڑا دیا۔اسسٹنٹ کمشنر چمن یاسراقبال دشتی کے مطابق دہشت گردوں نے بوغرہ چوک کے قریب کلی عبدالرحمان میں لیویز تھانے کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، دھماکے کے باعث تھانے کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تھانے کی چاردیواری نہیں تھی جس کی وجہ سے دہشت گرد عمارت میں باآسانی گھس گئے اور دھماکا خیز مواد رکھ کر فرار ہوگئے ، دوسری طرف لیویز اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ۔ بم ڈسپوزل اسکوارڈ کے مطابق بم دھماکے میں 10کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔