اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کہا ہے کہ حکومت آرمی چیف کی توسیع کے معاملے پر خطرناک کھیل کھیل رہی ہے۔ن لیگ کی مرکزی و صوبائی تنظیموں کے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران نیازی اپوزیشن سے ملنے کے لیے تیار نہیں ہیں تو نئے وزیراعظم کو قانون سازی کے لیے بات چیت کرنی پڑے گی۔ احسن اقبال نے کہا اکہ قانون سازی کا مسودہ آیا تو اپوزیشن متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، وزارتی کمیٹی سے بات چیت نہیں ہوگی، وزیراعظم کو خود رابطہ کرنا پڑے گا۔ ن لیگ کے سیکرٹری جنرل نے یہ بھی کہا کہ نیب نے شہباز شریف کی ورارثتی جائدادیں جوکہ ایف بی آر میں ظاہر کی گئی ہیں ان کو بھی سیل کردیا جو کہ بدترین انتقامی کارروائی ہے اور حکومت اس میں براہ راست ملوث ہے۔