مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے،جتنی جلدی ان ہاؤس تبدیلی لائی جائےقوم کیلئے بہتر ہوگا۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےاپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے کہا کہ کچھ دنوں سے مسلم لیگ ن کے خلاف عمران خان نیازی نے جو گفتگو کی ہے اس سے احتیاط کروں گا اور سپریم کورٹ میں آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کے حوالے سے جو سماعت ہوئی ہے اور اس کے بعد نیب اور عمران خان نیازی کے گٹھ جوڑ نے میرے اثاثے منجمند کرنے کی خبریں آناًفاناً چلائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ عدالت عظمی نے ہمیں سرخرو کیا اور نعیم بخاری نے عدالت میں کیس کی پیروی کی،14 فروری 2019کو بھی عدالت عالیہ نے دونوں کیسز میں ضمانت دی تھی اور اب پھر سے نیازی اور نیب گٹھ جوڑ ناکام ہوا ہے جبکہ نواز شریف کی بھی بے گناہی سامنے آتی رہے گی، آشیانہ کیس میں بھی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے، مجھے صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور آشیانہ میں گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان یوٹرن کے ماسٹر ہیں اور پاکستان کی 71سالہ تاریخ میں اتنا جھوٹا وزیراعظم نہیں دیکھا ، عمران خان احسان فراموش اور غصے سے بھرا انسان ہے، ہم پرجھوٹے مقدمات بنا کر زہر اگلا گیا جبکہ عمران خان نے اپوزیشن کو دیوار سے لگا دیا ہے، ڈیڑھ سال میں ملک کا بیڑاغرق کر دیا ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ملتان میٹرو سے متعلق شور مچایا گیا لیکن کچھ ثابت نہیں ہوا، صاف پانی، لیپ ٹاپ اسکیم میں کرپشن کے الزامات لگائے گئے، تحریک انصاف کسی بھی کیس میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکی، تحریک انصاف حکومت نے انہیں مشیر بنالیا جنہوں نے کرپشن کی جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت سے اتنا عرصہ گزر جانے کے باوجود پشاور بی آر ٹی منصوبہ مکمل نہیں ہوپارہا ہے اور بی آر ٹی میں ابھی تک تھوڑ پھوڑ چل رہی ہے اور100ارب روپے سے زائد کی رقم بھی خرچ کر دی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نیب کے اقدامات سے ہر پاکستانی رنجیدہ ہے، مسلم لیگ کے لوگوں نے جیلیں کاٹیں، نیب کے عقوبت خانوں میں رسوائی ہوئی لیکن اب نواز شریف اور ان کی ٹیم کی بے گناہی سامنے آرہی ہے جبکہ آج ملک میں غربت بے روزگاری اور مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے،50لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کرنے والوں نے ڈیڑھ سال میں ایک گھر تک نہیں بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے،جس کے بعد ملک مزید اس حکومت کا متحمل نہیں ہو سکتاہےاورجلدان ہاﺅس تبدیلی لائی جائے، اس سے قوم کی بہتری ہو سکتی ہے، عمران خان کا چیمبر خالی ہے کوئی بات نہیں سمجھتے ہیں۔