اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی طبی بنیادوں پر درخوست ضمانت دائر کردی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین وسابق صدر آصف علی زرداری نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ذریعے طبی بنیادوں پردرخواست ضمانت دائر کردی، درخواست میں نیب اوراحتساب عدالت نمبر دو کو فریق بنایا گیا ہے۔
میڈیکل رپورٹس درخواست کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ انہیں متعدد بیماریاں لاحق ہیں، لہذا علاج کے لیے ضمانت منظور کی جائے۔
درخواست ضمانت میں سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میں شوگر کا مریض ہوں اور شوگر لیول کنٹرول کرنے کے لیے مستقل علاج کی ضرورت ہے، مجھے دل کی بیماری لاحق ہے اور تین اسٹنٹ بھی ڈالے جاچکے ہیں۔
آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کی جانب سے درخواست ضمانت میں کہا گیا ہے کہ اسپیشل بچی کی والدہ ہوں، اس کی دیکھ بھال کے لیے ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کی جائے۔
قبل ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بھی طبی بنیادوں پر آٹھ ہفتوں کے لیے ضمانت منظور کی گئی تھی،جس کے بعد نواز شریف علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوئے تھے ۔