سکھر( نمائندہ جسارت) میئر سکھر کی ہدایت پر میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کا شہر کے دوروں کا سلسلہ جاری ‘ ترقیاتی کاموں اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ‘ غیر قانونی تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت جاری کیں۔ تفصیلات کے مطابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے شہر کے وقتاََ فوقتاََ دوروں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ‘ پیر کے روز میونسپل کمشنر نے بلدیہ افسران ایکسین سہیل میمن ‘ چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر پیر عطا الرحمن خان ‘ اسٹور پرچیز آفیسر عابد علی انصاری اور محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے کے ہمراہ شہر کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹھیکیدار کو تمام کام معیار اور بروقت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کیںجبکہ جن علاقوں میں صفائی کی صورتحال ناقص تھی وہاں موقع پر نجی کمپنی کے نمائندوں کو طلب کیا اور اپنی نگرانی میں ان علاقوں کی صفائی بھی کروائی۔ میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی کو مینارہ روڈ ‘ گھنٹہ گھر ‘ بیراج روڈ اور میونسپل جناح اسٹیڈیم چوک کے اطراف فٹ پاتھوں پر قائم لُنڈا بازار کا سامان ضبط کرنے کی ہدایت جاری کیں جس پر عملے نے سامان ضبط کرتے ہوئے تجاوزات قائم کرنے والوں کو وارننگ بھی جاری کی ۔