کوئٹہ، لیویز کی کارروائی ، 96 کلو گرام چرس بر آمد ، دو ملزمان گرفتار

141

 

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) قلات میں لیویز نے منشیات اسمگلنگ کی بڑی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے 96 کلو گرام چرس برآمد کرلی، جبکہ دو ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر قلات شہیک بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر منگوچر وکیل احمد کاکڑ نے لیویز حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز منگوچر کے علاقے میں لیویز نے خفیہ اطلاع پر کراچی جانے والی ایک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی تو اس کے خفیہ خانوں سے 96 پیکٹس چرس کے برآمد ہوئے، ہر پیکٹ ایک کلو کے برابر ہے، برآمد شدہ چرس کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔ منگوچر لیویز نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان منشیات کو کراچی منتقل کرنا چاہتے تھے۔ تاہم لیویز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی۔ ہرنائی سب تحصیل کھوسٹ لیویز اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے مسلم باغ سے چوری مسافر ویگن کو برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر ہرنائی عظیم جان دمڑ نے کہا کہ خفیہ اطلاع ملنے پر لیویز فورس کے تمام ناکوں کو الرٹ کردیا گیا تھا۔ کھوسٹ لیویز اہلکاروں نے مسافر ویگن کو برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور تہنیتی سرٹیفکٹ دیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے مطابق ملزمان اور ویگن کھوسٹ لیویز کے قبضے میں ہے جوکہ مزید تحقیقات کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے مسلم باغ المہران کمپنی کی ویگن چوری کی تھی جسے برآمد کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں دولت خان، حاجی عبدالرازق سکنہ کان مہتر زئی، بسم اللہ سکنہ پشین شامل ہیں۔ ضلع باجوڑ میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ اہل علاقہ کے مطابق پیر کے روز تحصیل ناوگئی کے علاقے ناوگئی ڈاگ میں ایک شخص 29 سالہ بہادر ولد اشرف اپنے گھر میں بجلی ٹھیک کررہا تھا کہ اچانک بجلی کا ایک زور دار جھٹکا لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں واپڈا والوں نے لوڈ مینجمنٹ کے نام پر بجلی کی سپلائی منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس وجہ سے بہادر نامی شخص نے گھر میں بجلی کی مرمت کا کام شروع کیا لیکن ٹرانسمیشن لائن سے بجلی منقطع نہیں کی گئی جس کے باعث نوجوان جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ مقامی لوگوں نے واقعہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس کو واپڈا حکام کی غفلت کا نتیجہ قرار دیا۔ صوابی میں موضع سوڈھیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ عمر واحد سکنہ سوڈھیر نے تھانہ یار حسین میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ میرے بھائی میر واحد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کی وجہ سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ وجہ قتل معلوم نہیں ہوسکی، یار حسین پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔