اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ لاڑکانہ میں ایڈز کے پھیلنے کی وجوہات کے پیچھے غیر محفوظ سرنجوں کا استعمال کارفرما تھا، آئندہ برس جون سے صرف خود کار طریقے سے تلف ہوجانے والے سرنجز کا استعمال کیا جائے گا جو ایک دفعہ استعمال کے بعد خود بخود بے کار ہو جائیں گی، انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ایچ آئی وی ایڈز سے بچائو کیلیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ اسے مزید پھیلنے سے روکاجا سکے۔ یہ باتیں انہوں نے پیر کو عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتمام ایڈز سے متعلق آگاہی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے
ہوئے کہیں۔ انہوںنے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) محفوظ ٹیکہ جات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق متعارف کرائے گی۔ آگاہی واک کا اہتمام این آئی ایچ میں کیا گیا جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، سول سوسائٹی کے اراکین اور ماہرین صحت کی کثیر تعداد کے علاوہ پیرامیڈیکل اور نیم پیرامیڈیکل عملے نے بھی شرکت کی۔