شہباز شریف فیملی کی العریبیہ شوگر مل کے اثاثے منجمد ہونے کیخلاف درخواست مسترد

247

لاہورہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی ملکیتی العریبیہ شوگر مل کے اثاثے منجمد ہونے کیخلاف درخواست مستردکردی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور درخواست گزار کی طرف سے ایڈووکیٹ سلمان احمدبٹ پیش ہوئے۔ العریبیہ شوگر مل کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ چیئرمین نیب کو سیکشن 12 کے تحت کو نیم عدالتی اختیار دیا گیا ہے اور قانون کہتا ہے کہ جس کو یہ اختیار دیا جائے وہ اسے آگے منتقل نہیں کر سکتا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ مذکورہ کیس میں چیئرمین نیب کے اختیارات ڈی جی نیب نے استعمال کیے جس کی قانون اجازت نہیں دیتا اور نیب لاہور نے خلاف قانون اقدام اٹھاتے ہوئے العزیزیہ سٹیل مل کے اثاثہ جات کو فریز کیا۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ شہباز شریف، سلمان شہباز سمیت دیگر کیخلاف نیب لاہور میں انکوائری زیر التوا ہے جب کہ اس سے قبل کوئی بھی ریفرنس یا انکوائری التوا میں نہیں ہے۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین نیب سمیت دیگر کو کمپنی کے معاملات میں دخل اندازی سے روکا جائے اور نیب کا 25 نومبر 2019 کا آڈرغیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے۔

ہائی کورٹ نے درخواست پر دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی ملکیتی العریبیہ شوگر مل کے اثاثے منجمد ہونے کیخلاف درخواست مستردکردی،عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قراردے کر مستردکردیا۔