لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ملک کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے 52 یوم تاسیس کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا، لاڑکانہ میں پاکستان پیپلز پارٹی، سپاف اور یوتھ کی جانب سے تقریبات منعقد کرکے کیک کاٹے گئے، جس میں پیپلز پارٹی رہنماؤں میئر خیر محمد شیخ، ڈاکٹر دھرم پال، پنجل سانگی، مقصود شیخ سمیت، یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی ش ب کی جانب سے المرتضیٰ ہاؤس میں تقریب منعقد کی گئی جس میں عنایت علی عمرانی، قاضی ممتاز، برکت علی میرجت، انصاف اللہ ناریجو اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے 52 سال قبل پاکستان پیپلز پارٹی بناکر عوام کو حقوق دیے اور انہیں زبان دی کہ وہ حکمرانوں سے اپنے حقوق چھین لیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی بدولت ہے اور پارٹی چیئرمین بلاول زرداری عوامی حقوق کی جدوجہد میں میدان میں ہیں، جس کے ساتھ ملک کا عوام ساتھ ہے اور ایک دن بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم بناکر دکھائیں گے۔