لاہور(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع 6 مہینے نہیں بلکہ 6 ہفتے میں ہو جائے گی‘ ایک رائے ہے کہ یہ کام ایکٹ کے ذریعے سادہ اکثریت سے ہو سکتا ہے لیکن اگر آئین میں ترمیم کی بھی ضرورت ہوئی تو یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار واضح اکثریت سے پاس ہو گی‘آرمی چیف کو 3 سال مل گئے ہیں اور ہمارے بھی3 سال باقی ہیں‘ آصف زرداری کی پلی بارگین کا مارچ تک نتیجہ نکل آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی خراب ہے‘ مہنگائی اور امن و امان کا مسئلہ ہے‘ عثمان بزدار اب سیکھ گئے ہیں‘ ٹھیک ہو جائیں گے‘ ایک مافیا عمران خان کی حکومت کو کمزورکرنا چاہتا ہے‘ مولانا فضل الرحمن جلد ہی کہیں گے بہت ہی خالی ہاتھ گیا ہوں جس دن مو لا نا جلسہ کر یں سمجھ لیں کہ جمعے کا دن ہے کیو نکہ جمعے کے دن ویسے بھی لو گ اکٹھے ہو جا تے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرتار پور راہداری کے ذریعے بھارت کو ایسا زخم لگایا ہے جسے وہ ساری زندگی یاد رکھے گا‘افغانستان میںامن کو بہتر بنایا گیا جس کا کریڈٹ بھی جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے‘ چین سے تاریخی تعلقات بنائے اور آئندہ چند روز تک ایم ایل ون کا آغاز ہونے جا رہا ہے‘ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ایران سے نئے تعلقات کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بیمار نواز شریف ہیں اور لندن میں چھٹیاں شہباز شریف منا رہے ہیں ‘ فروغ نسیم اہل قانون دان ہیں اور غلطی ان کی طرف سے نہیں ہوئی اور یہ تاثر غلط ہے‘ذوالفقار علی بھٹو کے بعد عمران خان نے بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساری قو م چین اور سی پیک کے ساتھ ہے اور اس حوالے سے حالیہ دنوں میں جو باتیں سامنے آئیں وہ بین الاقوامی سازش تھی لیکن اسے ناکام بنایا گیا ہے‘طلبہ یونینز کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔