ملتان :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ملکی مفاد میں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ سے مشاورت کی، مؤقف سنا، اور فیصلہ کیا کہ آرمی چیف کی مد ت ملازمت میں توسیع ملکی مفاد میں ہے،
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صورتحال کو سامنے رکھ کر فیصلہ کیا، عدالت نے نشاندہی کی کہ کچھ ابہام ہے جس کو دور کرنا ضروری ہے، قانون سازی پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیں گے، تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد مشاورت سے آگے بڑھیں گے، حکومت نے جو کچھ بھی کیا آئین میں رہتے ہوئے کیا،امید ہے اپوزیشن قانون سازی میں ساتھ دے گی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بابری مسجد کیس پر بھارتی عدالت کے فیصلے پر تشویش ہے، اس پر بھی او آئی سی نے ہمارے موقف کی تائید کی، پاک افواج بھارت کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر او آئی سی نے پاکستانی موقف کی تائید کی ،بھارت سے مسائل اور خطے کی صورتحال سب کے سامنے ہے، بھارت نے کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے ، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں مساجد پر تالے لگے ہوئے ہیں۔