امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں برسر اقتدار ٹولے نے سرکس جمائی ہوئی ہے،انہوں نے تمام اداروں کو بے توقیر کیا۔
واہ کینٹ میں پاکستان ماسٹر ٹرینر ورکشاپ برائےمدرسین سےخطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں برسر اقتدار ٹولے نے سرکس جمائی ہوئی ہے،عمران خان وزیراعظم کی کرسی پر حادثاتی طور پر بیٹھ گئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف نے تمام اداروں کو بے توقیر کیاہے،پی ٹی آئی نے ان اداروں کو بدنام کیا جو ہمیشہ قابل احترام رہے،فوج کا ادارہ کسی ایک پارٹی کا نہیں ملک و قوم کا سرمایہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عجیب حکومت ہے کرتارپور تو راتوں رات مکمل کیا لیکن بی آر ٹی نہیں،حکومت کا اقتدار عوام کے لئے مزید خطرے کا باعث بنے گا،قوم کو لنگر خانوں کی نہیں کارخانوں کی ضرورت ہے،حکومت کیوں مشرف کو بچانے کیلئے میدان میں آگئی، تبدیلی کا نعرہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے بھی قوم کو مایو س کیا،قو م کی امیدوں کا مرکز اب صرف جماعت اسلامی ہے ، جس پر کسی قسم کے کرپشن کے داغ نہیں، جس کی یانتداری اور اہلیت کی گواہی سپریم کورٹ , ورلڈ بنک اور ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل نے دی،جماعت اسلامی کا ماضی شاندار اور مستقبل تابناک ہے،صالح قیادت ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں جماعت اسلامی سے بہتر کوئی جماعت نہیں،عوام نے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ بھی دیکھا اور اب تبدیلی کے ثمرات بھی دیکھ لئے۔
انھوں نے منتظمین ورکشاپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ساتھیوں کی عظیم کوشش ہے جنہوں نے پورے پاکستان سے سات روز کے لئے افراد کو یہا ں جمع کیا،انھوں نے شرکاءکو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں اللہ کے پیغام کو عام کریں،کیونکہ ہماری دعوت قران و سنت کی دعوت ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ شرکاءاس پیغام کو عام کریں کہ مخلص اور دیاتندار قیادت صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے،کیونکہ قوم کے مسائل دیانتدار قیادت ہی حل کر سکتی ہے سب سیاسی جماعتو ں نے مفادات کی سیاست کی اور قوم کو گمراہ کر کے انھیں سبز باغ دکھائے۔