حکومت عدالتی فیصلے کا احترام کرتی ہے، شاہ محمود قریشی

137

اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عدالت نے جو سوالات اٹھائے اس پر کابینہ نے تبادلہ خیال کے بعد اپنا موقف پیش کیا،یہ مسئلہ اب حل ہوگیا ہے۔عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ بر وقت آنا مناسب اقدام ہے کیونکہ پاکستان کو بے یقینی کی صورتحال میں رکھنا اس کے مفاد میں نہیں تھا۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال کو دیکھا جائے تو فوج کے سربراہ کا معاملہ عدالت میں ہونا بہتر نہ تھا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آرٹیکل
243 چیف ایگزیکٹو کو آرمی چیف کی توسیع کا اختیار دیتا ہے، آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہورہی کیونکہ آئین میں کچھ بھی مبہم نہیں،2تہائی اکثریت کی ضرورت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آرمی رولز اینڈ ریگولیشن کا پرانا قانون ہے، اسے دیکھا جاسکتا ہے، قانونی ٹیم نے بہتر طریقے سے کیس کو پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ عدالتی فیصلے کا حکومت احترام کرتی ہے، اس فیصلے پر کابینہ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے اتحادیوں میں کوئی مسئلہ دکھائی نہیں دیتا، وہ کل بھی ہمارے ساتھ تھے اور آج بھی ساتھ ہیں، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی ہے، جمہوریت کے تسلسل اور ملک کے استحکام میں اپوزیشن کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ اپوزیشن کو جب اس معاملے میں شامل کریں گے تو ان کا رویہ مثبت ہوگا۔
شاہ محمود قریشی