پشاور،بیٹے کے ہاتھوں ماں اوربیوی قتل ،ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار

156

پشاور (اے پی پی) نواحی علاقہ چرگانوں کلے میں ایک شخص کی فائرنگ سے 2 افرادجاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق چرگانوں کلے میں عزت خان نامی شخص نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر گھر کے اندر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے اپنی ماں اور بیوی کوقتل کردیا، جبکہ فائرنگ سے والد، بہن اور بیٹی شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ملزم نے پولیس کی آمد کی اطلاع ملتے ہی گرفتاری سے بچنے کے خاطر اپنے دو بچوں کو اسلحہ کے نوک پر یرغمال بنا کر کمرے میں بند کرلیا۔ پولیس ٹیم نے نہایت حکمت عملی سے دونوں بچوں کو ملزم کے چنگل سے آزاد کر کے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ فیصل آباد میں پولیس تھانہ تاندلیانوالہ کے علاقہ ستیانہ جھامرہ روڈ پر واقع 593گ ب پل برالہ کے قریب اراضی کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں زاہد اقبال ولد بشیر نامی شخص جاں بحق جبکہ دیگر چار افراد 33 سالہ ملازم حسین ولد اللہ دتہ، 23 سالہ عاشق ولد اللہ دتہ، 33 سالہ ریاض ولد محمد حسین اور 33 سالہ جاوید ولد ذوالفقار شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں جنہوں نے جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال تاندلیانوالہ منتقل کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق قتل ہونے والے زاہد ولد بشیر کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس تھانہ صدر فیصل آباد کو چک نمبر 54 گ ب سے گزرنے والی نہر سے ایک نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ اہالیان علاقہ کی اطلاع پر پولیس نے ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر اسے پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ مقتول کی شناخت کے لیے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتول کے سر اور جسم پر تیز دھار آلے سے شدید ضربات لگائی گئیں جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی رپورٹ درج کر کے ضابطے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ سرگودھا میں ڈکیتی اور چوری کی مختلف وارداتوں میں شہری لاکھو ں روپے کے مال و زر سے محروم ہوگئے جبکہ مزاحمت پر ایک شہری زخمی ہوگیا۔ نواحی علاقے دودہ کے قریب چار افراد نے نعیم اختر کو مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور موبائل اور نقدی لے کرفرار ہوگئے۔ اسی طرح چک نمبر 112 شمالی کے رہائشی پیراں دتہ کے گھر بھی تین نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر زیورات، نقدی و دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا اور موٹر سائیکل لے کر فرار ہوگئے۔ اسی طرح چک نمبر 99 شمالی کے قریب چار افراد نے حسن سہیل سے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل چھین لیا، جبکہ بلاک نمبر 2 سے شہزاد اسلم، ٹرسٹ پلازہ کے باہر سے محمد خان اور محمد ارشد خان کی موٹر سائیکلیں نامعلوم چور لے اُڑے۔ متعلقہ تھانوں کی پولیس نے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔