احتساب عدالت: حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

212

لاہور (آن لائن) احتساب عدالت نے آمدنی سے زائد اثاثہ جات اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کرتے ہوئے کیس میں ملوث اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 دسمبر تک توسیع کردی ہے۔ جمعرات کو احتساب عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف کیسز کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر حمزہ شہباز کو عدالت کے
روبرو پیش کیا۔ احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کے کیس میں حمزہ شہباز کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کردیں جبکہ نیب پراسکیوٹر کو منی لانڈرنگ کیس کا ریفرنس جلد دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ شہباز شریف کے وکلا نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس میں ان کی مستقل حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی جس میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف اپنے اور بھائی کے علاج کے سلسلے میں بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔ حمزہ شہباز پیشی کے موقع پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ چلنے پر برہم بھی ہوئے اور غصے میں اہلکاروں کو رکنے کا کہا جبکہ پولیس اہلکار جھاڑ سن کر خاموشی سے پیچھے کھڑے رہ گئے۔
حمزہ شہباز /ریمانڈ