لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ حکومت نے تیاری کی ہوتی تو اسے آرمی چیف کے معاملے پر عدالت میں سبکی نہ ہوتی۔ پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران حمزہ شہباز نے کہا کہ گزشتہ 13 سے 14 ماہ میں ماحول بہت تلخ ہوگیا ہے، سیاست میں تلخی اس حد تک بڑھا دی گئی ہے کہ بیماری ثابت کرنے کیلیے مرنا پڑتا ہے، نواز شریف نے عمران خان کی تیمارداری کی اور 2 دن کے لیے انتخابی مہم تک معطل کی، اتنا بڑا ظرف کسی کسی کو ہی ملتا ہے۔ نواز شریف کے گردے، دل اور دیگر مسائل ہیں، دوران قید ان کی بیوی فوت ہوگئیں، مریم نواز نے جیل میں اپنی ماں کو کھویا، انہیں والد کی تیمارداری کے لیے نواز شریف کے پاس جانا چاہیے۔