اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے ماحول کو سازگار اور پر امن رکھنا میری اولین ترجیح ہے،ایوان میں تمام سیاسی جماعتیں میرے لیے برابر حیثیت رکھتی ہیں، میرے دروازے تمام اراکین کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میںاسپیکر نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کو سراہا ہے۔اسدقیصر نے کہا کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کے لیے فلاحی ٹاؤن قائم کیا جارہا ہے، آج اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، فلاحی ٹاؤن میں یتیم ، بے سہارابچوں، بیواؤں، معذور افراد ، بزرگ شہریوں اور خواجہ سراوں کو رہائش کے ساتھ تعلیمی ،طبی اور دیگر بنیادی سہولیات میسر ہوںگی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اوروزیر اعلی خیبر پختونخواملاقات میں سی پیک سمیت خیبر پختونخوا میں جاری ترقیاتی کاموں اور ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا کہ سی پیک کے تحت صوبے میں موجود منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ خیبرپخونخوا حکومت سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے کوشاں ہے۔اس موقع پر اسدقیصر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے تمام وفاقی اکائیوں کومل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہو گا اور ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے صوابی عالم آباد میں قائم ہونے والے پاکستان ویلفیئر ٹاؤن کی قیام کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے کی قیام سے ناصرف ضلع صوابی بلکہ صوبے بھر کے پسے ہوئے طبقات مستفید ہوں گے۔