اسلام آباد(نمائندہ جسارت)عدالت عظمیٰ میں بدھ کو سماعت کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے سینئر اراکین سمیت اپنی قانونی ٹیم کا ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے وکیل و سابق وزیر قانون فروغ نسیم، اٹارنی جنرل انور منصور اور ماہر قانون بابر اعوان سمیت سیکرٹری قانون بھی شریک تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ عدالتی اعتراضات دورکرنے کے لیے جوابات تیار کرلیے گئے ہیں۔ اجلاس میں عدالت عظمیٰ میں ہونے والی سماعت پر مشاورت کی گئی اور عدالت عظمیٰ کے اٹھائے گئے سوالات پر غور کیا گیا جبکہ قانونی ٹیم نے عدالت عظمیٰ کے اعتراضات پر شق وار بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ کے سمری پر اٹھائے گئے اعتراضات پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے اعتراضات کی روشنی میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نیا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جس کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ مسودہ تیار کرنے کے لیے معروف قانونی ماہرین کی خدمات لی گئیں اور مسودہ وفاقی کابینہ کے اراکین کو واٹس ایپ کے ذریعے اراکین کو بھیج دی گئی ہے۔اس سے قبل وزیراعظم نے سینئر وزرا سے ملاقات کے دوران کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع صورتحال کو دیکھ کرکی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔