بھارتی حکومت فاشسٹ  آر ایس ایس نظریہ پر مکمل طور پر عمل پیرا ہے، وزیر اعظم

251

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ  مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت فاشسٹ  آر ایس ایس نظریہ پر مکمل طور پر عمل پیرا ہے۔

 مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و بر بریت اور مسلسل کرفیو و محاصرے پر عالمی برادری کی خاموشی پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر  وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت فاشسٹ  آر ایس ایس نظریہ پر مکمل طور پر عمل پیرا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں  100  سے زائد دن ہو چکے ہیں،  ابھی تک کرفیو نافذ ہے ، مظلوم کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں لیکن بڑی طاقتیں اپنے تجارتی مفادات کے باعث خاموش ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت  نے رواں سال 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی ہے جس کے بعد سے وہاں حالات کشیدہ صورتحال اختیار کرگئے ہیں جبکہ مقبوضہ وادی میں115 روز سے صورتحال کشیدہ ہے اور کشمیری گھروں میں قید ہیں، انٹرنیٹ، موبائل سروس، ٹرانسپورٹ بدستور بند ہیں۔