اسلام آباد/لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سنگین غداری کیس کا فیصلہ روکنے کی درخواست پر سماعت کے دوران پرویزمشرف کے وکیل کو دلائل سے روک دیا۔اسلام آباد عدالت عالیہ میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں وزارت داخلہ کی خصوصی عدالت کو فیصلہ سنانے سے روکنے کی درخواست پرسماعت ہوئی۔ اس موقع پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ کی پٹیشن دیکھی صرف ایک متعلقہ پیرا گراف ہے، وزارت قانون سے مکمل ریکارڈ ساتھ لے کر آئیں۔کیا خصوصی عدالت کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری ہوا؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ پوچھ کر بتاؤں گا۔عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اتنا اہم مقدمہ دائر کیا اور بغیر تیاری کے آگئے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت سے غداری کیس کی تیاری کے لیے
وقت مانگ لیا۔اس دوران پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کے سامنے بولنے کی کوشش کی تاہم عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل کو دلائل سے روک دیا، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ ہم آپ کو بطور متاثرہ فریق نہیں سن سکتے، پرویز مشرف اشتہاری ہیں، آپ پیش نہیں ہوسکتے، عدالت نے کہا تھا پرویز مشرف پیش نہ ہوئے تو حق دفاع ختم ہو جائے گا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت آج ساڑھے 12بجے تک ملتوی کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت قانون و انصاف کو متعلقہ ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا، اس کے علاہ سنگین غداری کیس کے لیے مجاز شکایت کنندہ اور خصوصی عدالت کی تشکیل کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔ادھرلاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت کے فیصلہ محفوظ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پرویز مشرف عدالت کی اجازت کے بعد ملک سے باہر گئے؟ وکیل نے بتایا کہ پرویز مشرف عدالت کی اجازت کے بعد ہی ملک سے باہر گئے۔ابتدائی دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹارنی سے معاونت طلب کر لی۔ درخواست پر مزید کارروائی 28 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ بار نے پرویز مشرف کا ٹرائل مکمل کرنے اور غداری کیس کا فیصلہ سنانے کے لیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کر لیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ یکم اپریل کو خصوصی عدالت کو ٹرائل مکمل کرنے کی واضح ہدایات دے چکی ہے جبکہ عدالت عظمیٰ کہہ چکی ہے کہ عدم پیشی پر پرویز مشرف حق دفاع ختم ہو جائے گا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کیس میں روڑے اٹکا رہی ہے، عدالت عظمیٰ حکومت اور خصوصی عدالت کو مناسب ہدایات جاری کرے۔
غداری کیس