حکومت کی جانب سے کراٹے کلبوں کو کوئی گرانٹ نہیں دی جاتی، عبدالحمید

139

شہدادپور (نمائندہ جسارت) شہدادپور میں کراٹے کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں سندھ میں کراچی کے بعد بے نظیر آباد ڈویژن کے کھلاڑیوں کا نام آتا ہے جس کا سہرا ضلعی جنرل سیکرٹری کراٹے ایسوسی ایشن عثمان عباسی کو جاتا ہے ان کی کاوشوں اور محنت سے ضلع سانگھڑ کی ٹیم نیشنل گیم میں بہترین پرفارمنس دکھا چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سندھ کراٹے ایسوسی ایشن سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالحمید نے شہدادپور جام ہال میں ورلڈ شوٹو کان کلب شہدادپور کے انسٹریکٹر اور ضلع سانگھڑ کراٹے ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عثمان عباسی کی جانب سے بیلٹ تقسیم اور بیسٹ پرفارمنس ایواڑ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کراٹے کلبوں کو کوئی گرانٹ نہیں دی جاتی مگر ہم اپنی مدد آپ کے تحت اسپورٹس کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سندھ چیمپیئن شپ شہدادپور میں کروانے کا اعلان بھی کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا جاوید ڈسٹرکٹ اسپورٹس سیکرٹری چودھری ارشد آرائیں، جام ارشد اور افضل بھٹو نے کہا کہ اسپورٹس کی سرگرمیاں جاری رہنی چاہیے۔ کراٹے کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور دیگر شہروں میں کھیلنے جانے کے لیے ہم بھرپور تعاون کریں گے تاکہ ان کے حوصلے بلند ہوں۔ تقریب سے پہلے آنے والے مہمانوں کا شاندار استقبال کیا، پھولوں کے ہار اور اجرک کے تحائف پیش کیے گئے۔ تقریب کے اختتام میں کراٹے کے کھلاڑیوں کو سر عبدالحمید نے بلیک بیلٹ اور برائون بیلٹ باندھے اور بیسٹ کارکردگی حاصل کرنے والے کراٹے کے کھلاڑیوں میں شیلڈ اور سرٹیفکیٹ دیے گئے۔ تقریب میں غلام مصطفی قریشی، عمران قمر، رائو واجد، عبدالرحمن عباسی، اسرار آرائیں، سلمان قریشی سمیت دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔