جیکب آباد (نمائندہ جسارت) سکھر ایکسپریس کے تاخیر سے جیکب آباد پہنچنے کی شکایات سکھر سے جیکب آباد کا سفر ٹرین چار گھنٹوں میں طے کرتی ہے روڈ کا سفر ڈیڑھ گھنٹے کا ہے، مسافروں کا احتجاج۔ سکھر ڈویژن کی واحد ٹرین سکھر ایکسپریس میں بھی سفری سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں، ٹرین کی بوگیوں میں اکثر باتھ روم میں پانی نہ ہونے گندگی رہتی ہے جبکہ واش روم کی چھت تک ٹپکتی ہے، مسافروں عدیل احمد، امجد علی، وسیم اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سکھر ڈویژن اپنی واحد ٹرین کو بھی بہتر انداز میں چلانے میں ناکام ہیں۔ ٹرین سکھر سے جیکب آباد اسٹیشن کبھی بھی اپنے مقررہ وقت پر نہیں پہنچاتی، سکھر سے جیکب آباد کا سفر چار گھنٹے کا ہو جاتا ہے جبکہ روڈ کے ذریعے یہ سفر ڈیرھ گھنٹے کا ہے، کراچی سے واپسی پر سکھر ایکسپریس ٹرین کو سکھر اسٹیشن پر آدھا گھنٹہ کھڑا کرکے بوگیاں تبدیل کی جاتی ہیں اور پھر سلطان کوٹ، آباد سمیت راستے میں بلاجواز روک دیا جاتا ہے۔ انہوں نے وزیر ریلوے، جی ایم ریلوے اور ڈی ایس سکھر سے مطالبہ کیا کہ سکھر ایکسپریس میں مسافروں کو سہولیات دی جائیں اور سکھر ایکسپریس کے جیکب آباد اسٹیشن پر مقررہ وقت پر پہنچنے کو یقینی بنایا جائے۔