اسلام آباد،لاہور(خبر ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت نئے پاکستان کی طرح عمران خان کے ذہن میں ہیں جن کا زمین پر نزول نہیں ہوا۔وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کی تقریب سے خطاب کیا جہاں خیبرپختونخوا میں درخت لگانے اور آلودگی سے متعلق بات کی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی تقریر کے ردعمل میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت نئے پاکستان کی طرح عمران خان کے ذہن میں ہیں اور ان کا زمین پر ابھی نزول نہیں ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے نوازشریف کے ’گرین پاکستان‘ پروگرام پر دو سال بعد ڈھٹائی سے اپنے نام کی تختی لگادی۔ نوازشریف نے فروری 2017ء میں گرین پاکستان پروگرام شروع کیا تھا۔ پاکستان کلائمٹ چینج ایکٹ کو پارلیمان 2017 میں منظور کرچکی ہے۔ عمران خان تقریر سے پہلے وہ توپڑھ لیتے۔مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کے نئے پاکستان میں ایک ارب درخت تو نہیں لیکن ایک ارب جھوٹ کا ریکارڈ بننے کے قریب ہے، ان کے درخت بھی اسی نامعلوم سیارے پر ہیں جہاں 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دی جارہی ہیں۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج اسلام آباد میں کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کا افتتاح کیا ہے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومتی نالائقی کا ثبوت یہ ہے کہ آج دفاعی بجٹ کے لیے مطلوبہ رقم نہ ہونے کے خطرات ہیں۔اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ مشیر خزانہ ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہے ہیں کہ اقتدار ملنے پر معیشت کی حالت خراب تھی، انہیں جتنی ٹماٹر کی قیمت معلوم ہے اتنے ہی ان کے اعداد و شمار معتبر ہیں۔بیڑہ غرق اور ستیاناس کا بیانیہ بول بول کر معیشت کا بیڑہ غرق اور ستیاناس کردیا گیا ہے، الزام تراشیوں سے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوا کرتی۔رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ہم نے 47 سال میں کم ترین 3 فیصد مہنگائی کی شرح والا پاکستان حوالے کیا تھا لیکن نالائق ٹولے نے اپنی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کی اس شرح کو 14 فیصد پر پہنچادیا۔