اسلام آباد، پشاور(صباح نیوز+اے پی پی)وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے حادثاتی چیئرمین سمجھ لیں زرداری کو فرار کا موقع نہیںدیں گے، قوم حادثاتی چیئرمین کے والد سمیت بدعنوان عناصر کا احتساب چاہتی ہے ۔ بلاول زرداری کی گفتگو پر ردعمل میں مراد سعید نے کہاکہ بلاول نے ٹھیک کہاکہ قوم عدالتوں کی جانب دیکھ رہی ہے، قوم بدعنوان عناصر کا احتساب چاہتی ہے، کرپٹ ٹولہ بیماری کی آڑ میں رعایت اور پاکستان سے فرار چاہتا ہے ، زرداری کو بچانے کے لیے سندھ کارڈ پہلے کام آیا نہ آئندہ آئے گا۔ علاوہ ازیںحلقہ نیابت سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مسائل سننے کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مرادسعید نے کہا کہ تحریک انصاف کے ایجنڈے میں ملک کی ترقی اورخوشحالی کاراز پوشیدہ ہے ، اپوزیشن کے ساتھ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کوئی پروگرام نہیں ہے ،وزیراعظم کے استعفے کامطالبہ کرنے والے احمقوں کے جنت میں رہتے ہیں،مولانا فضل الرحمن اس حوالے سے صرف خواب ہی دیکھ سکتے ہیں ، اور خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے ،اگر مولانا فضل الرحمن خوابوں کی دنیا سے باہرآئے تو پھر ان کو دن میں بھی تارے نظرآجائیں گے۔