زرداری اور فریال تالپور کو ناحق جیل میں رکھا ہوا ہے،سعید غنی

149

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اگرہمیں حکومت کے ساتھ ڈیل کرنی ہوتی تو گرفتاریوں سمیت دیگر تکالیف کیوں برداشت کرتے، ایک بات میں کافی عرصے سے کرتا تھا اب وہ بات چیف جسٹس کھوسہ صاحب نے کر دی ہے انہوں نے خود کہا ہے کہ عدالتوں کا کام آئینی دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنا ہے، یہ کس آئین اور قانون میں ہے کہ جرم کراچی میں ہوں اور تحقیقات راولپنڈی میں ہو رہی ہو،آصف علی زرداری اور فریال تالپور جیل میں ہیں، ریمانڈ ختم ہوگیا، نیب نے جو تحقیقات کرنی تھی وہ کرلیں پھر بھی ان کو ناحق جیل میں رکھا ہوا ہے، آصف علی زرداری حکومتی بنائے ہوئے میڈیکل بورڈ کی سفارش پر اسپتال میں ہیں ان کے وہ ڈاکٹر جو ان کو سالوں سے چیک کرتے ہیں ان تک رسائی دی جائے، ہم حکومت سے کوئی احسان نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔