اپوزیشن استعفوں کے اقدام سے گریز کرے، چودھری پرویز الٰہی

226

لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے ن لیگ کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن کی طرف نہیں جانا چاہیے اور اپوزیشن کو استعفوں جیسے انتہائی اقدام سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون سازی کے معاملات میں اپوزیشن کا کردار بنیادی اہمیت کا حاصل ہے اس لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قانون سازی کے معاملات پر رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ چودھری پرویزالٰہی نے حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ پارلیمنٹ کی روایات کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے چیئرمین کے معاملے پر بھی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے حکومت اور اپوزیشن کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون راجا بشارت کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ان کے تحفظات دور کرنے پر بات چیت ہوئی ہے جو کافی مثبت رہی ہے۔ اپوزیشن کمیٹی کے ارکان ملک ندیم کامران، سمیع اللہ خان اور چودھری اقبال گجر کا کہنا تھا کہ ملاقات بہتر ماحول میں ہوئی اور حکومت و سپیکر اسمبلی کو اپنی گزارشات پیش کردی ہیں جن پر دونوں جانب سے ہوم ورک مکمل کرکے ملاقات کا وقت مقرر کیا جائے گا۔