زرداری کو باہر بھجوانے کیلیے اپوزیشن کی اے پی سی آج پھر ہوگی

106

اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علما اسلام نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو باہر بھجوانے کا کریڈٹ اپنے سر لیتے ہوئے اسے این آر او کا نام دیدیا ہے، اس حوالے سے گزشتہ روز مولانا کفایت اللہ نے بھی برملا اظہار کیا کہ نوازشریف کی بیرون ملک روانگی جے یو آئی کی مرہون منت ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کو بھی علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور بیرون ملک بھجوانے کیلیے ایک بار پھر اپوزیشن کی اے پی سی آج ہوگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی آج کی اے پی سی میں سابق صدر آصف زرداری کی صحت سے متعلق مولانا فضل الرحمن سے الگ مشاورت کرے گی اور اس حوالے سے ایک پلان کے تحت ضلعی سطع پر نیا احتجاجی سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ نئے پلان میں ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ برائے نام ہی شامل ہوگی اور انہیں لندن سے ہدایات بھی موصول ہوچکی ہیں کہ حکومت کے خلاف شدت سے دھڑا بندی نہ کی جائے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جمعیت علما اسلام نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت پر رہائی سے لیکر انہیں بیرون ملک علاج کیلیے روانگی کا کریڈٹ اپنے سر لیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کی مشترکہ کوششوں سے حکومت پر پریشر بڑھایا جس کے پیش نظر نواز شریف کو باہر ملک علاج کیلیے بھیجا گیا ہے۔