اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کل جماعتی کانفرنس کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے مکمل کر لیے، مسلم لیگ ن نے اے پی سی میں شرکت کے لیے 4 رکنی اعلیٰ سطحی وفد شکیل دے دیا ہے ۔وفد میں راجا ظفر الحق، احسن اقبال، ایاز صادق اور امیر مقام شامل ہیں۔شہباز شریف کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ن لیگ نے اعلیٰ سطحی وفد تشکیل دیا ہے ۔ اپوزیشن کی 9سیاسی، دینی اورقوم پرست جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں کل بروز منگل اسلام آباد میں ہو گی۔ مولانا فضل الرحمن دھرنے کے دوران پیدا شدہ صورتحال، حکومت سے ہونے والے مذاکرات اور حکومتی پیشکش کے بارے میں اعتماد میں لیں گے۔ آل پارٹیز کانفرنس آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرے گی۔ یاد رہے کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا سی پلان شروع ہونے والا ہے جس کے تحت ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مظاہرے ہوں گے۔ ملک گیر تحریک کے سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس میں مشاورت کی جائے گی اور چارٹر آف ڈیمانڈ اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔مولانا فضل الرحمن نے محمود خان اچکزئی اور پروفیسر ساجد میر اور دیگر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ مولانا نے اپوزیشن رہنمائوں کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی،پیپلز پارٹی، ن لیگ، اے این پی، قومی وطن پارٹی ، نیشنل پارٹی، جے یوپی اور جمعیت اہلحدیث کے قائدین کو دعوت دی گئی ہے ۔