لاہور(نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، پہلے دن ہی کہہ دیا تھا نہ وزیراعظم کا استعفا ہو گا نہ ہی اسمبلیا ں تحلیل ہوں گی۔ ہمیں مخلوق خدا کو معاف کرنا سیکھنا ہو گا، اسی میں سب کی بھلائی ہے۔چودھری پرویز الٰہی نے جے یو آئی رہنما عبدالغفور حیدری کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا مذاکرات میں وزیراعظم کے استعفا دینے کی کوئی بات نہیں کی گئی، اس بات کی بھی کوئی ضمانت نہیں دی گئی تھی کہ مذاکرات اور دھرنا ختم ہونے کے بعد ساری اپوزیشن حکومت کے حق میں بولنا شروع کر دے گی۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھا خلق خدا کو معاف کرنا سیکھیں اسی میں سب کی بھلائی ہے، ملک کو معاشی بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت متفقہ حکمت عملی پر عمل کر رہے ہیں۔