اقتدار کی کرسی پر ڈٹے رہنا ہماری منزل نہیں، شاہ محمود قریشی

238

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقتدار کی کرسی پر ڈٹے رہنا ہماری منزل نہیں، ہم ملک میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، تجارتی خسارے
میں کمی اور دیگر مالی اشاریوں کا مثبت رجحان ہماری معاشی بہتری کو ظاہر کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے حلقہ این اے 156 اور 157 میں مختلف استقبالیہ تقاریب سے خطاب اور وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے میں تبدیلی کا استعارہ ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے ذریعے ڈیجیٹل رابطوں، سیاحت، ثقافتی روابط اور پائیدار ترقی جیسے ثمرات حاصل ہوں گے، ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان اور چین کے عوام قریب آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، اس مرحلے میں ہماری توجہ صنعت سازی اور معاشی ومعاشرتی ترقی پر مرکوز ہے، سی پیک کے تحت شروع کیے گئے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے “سی پیک اتھارٹی” قائم کر دی گئی ہے، صنعتی ترقی کے لیے حکومت بہت جلد اقتصادی زونز قائم کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 156 کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنے ووٹوں سے مجھے منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجا اور ان کا منتخب نمائندہ دنیا بھر میں پاکستان کی بھر پور نمائندگی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا وقت آگیا ہے، ملتان کی ترقی کے لیے ماسٹر پلان تیار ہو رہا ہے اور جلد وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد ملتان شہر کے لیے ایک بہت بڑے ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی