جسٹس گلزار نئے چیف جسٹس نامزد، سمری وزیراعظم کو ارسال

124

اسلام آباد (صباح نیوز) وزارت قانون نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کو نامزد کرنے کی سمری وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوائیں گے، صدر کی منظوری کے بعد وزارت قانون نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 دسمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ سابق وزرائے اعظم نواز شریف کے خلاف پاناما کیس اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلے سنانے والے بینچ کا حصہ رہے۔ دونوں فیصلوں میں وقت کے وزرائے اعظم کو نااہل قرار دے کر اپنا عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 3 نومبر 2007ء کی ایمرجنسی سے متعلق فیصلے کے خلاف پرویز مشرف کی نظر ثانی درخواست مسترد کرنے والے بینچ میں بھی شامل رہے۔ اس کے علاوہ وہ اکیسویں آئینی ترمیم اور فوجی عدالتوں کو درست قرار دینے والے عدالتی بینچ کا بھی حصہ تھے۔ نئے چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر جسٹس گلزار احمد 22دسمبر 2019 ء کو عہدہ سنبھالیں گے اور فروری 2022ء تک چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے۔ جسٹس گلزار احمد 27اگست 2002ء کو سندھ ہائیکورٹ کے جج جبکہ 16نومبر 2011ء کو عدالت عظمیٰ کے جج بنے۔