ہم نے اداروں کو چٹھیاں نہیں تصدیق شدہ دستاویز پیش کیں، مراد سعید

100

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ہم نے اداروں کو چٹھیاں نہیں مصدقہ دستاویزات دی ہیں، احسن اقبال کے لیڈرکو نہ رسیدیں ملیں اور نہ ہی قطری خط کا کیلبری فونٹ کام آیا، ان کی جماعت قوم کے کندھوں پر 2400 ارب ڈالرزکا قرض لاد کر اور اداروں کا جنازہ نکال کر رخصت ہوئی۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن قبال کی پریس
کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ احسن اقبال صاحب ہم نے اداروں کو چٹھیاں نہیں مصدقہ سرکاری دستاویز دی ہیں۔ بھائی کے ٹھیکوں سے اربوں کمانے والوں کے چہروں سے خوف جھلک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوف سے یادداشت متاثر ہوئی ہے یا احسن اقبال حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں؟۔ جس عدلیہ نے احسن اقبال کے لیڈرکو بددیانت قراردیا اسی نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا۔ مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم بننے سے قبل عمران خان کبھی سرکاری منصب پر نہیں رہے۔ عمران خان نے سرکاری منصب پر نہ ہوتے ہوئے بھی اپنا سارا حساب عدالت میں پیش کیا۔ عمران خان نے دکھایا کہ کمائی حلال کی ہوتو برسوں بعد بھی رسیدیں مل جایا کرتی ہیں۔ حکومت تباہ حال اداروں کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے محنت کررہی ہے۔
مراد سعید