سکھر: پولیس کا کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کیخلاف آپریشن

118

 

سکھر، شکارپور (نمائندگان جسارت) شاہ بیلو کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف سکھر پولیس کے آپریشن میں مزید تیزی، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاع، جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں اور کچے میں موجود گاؤں میں پولیس کا سرچ آپریشن و تلاشی، تلاشی کے دوران متعلقہ کوائف چیک کیے گئے۔ موقع سے دو مشتبہ افراد زیر حراست، کارروائی کے دوران ڈاکوؤں کے مزید ٹھکانے نذر آتش، جاری آپریشن کے دوران دو افراد زیر حراست، تفتیش جاری۔ ایس ایس پی سکھر کے مطابق آپریشن میں مزید تیزی کے لیے ہموار راستوں کو مشینری کے ذریعے کلیئر کیا جا رہا ہے جبکہ دریائے سندھ کی نہروں پر عارضی برج پل بھی قائم کیے جارہے ہیں۔ کچے میں موجود ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کے اطراف مزید پولیس پکٹس بھی قائم کردی گئیں تاکہ ڈاکوؤں کی نقل و حرکت کو محدود اور ان پر کڑی نظر رکھی جاسکے۔ سکھر کے علاقے نیو پنڈ پٹھان کالونی کے رہائشی کو موٹر سائیکل سے محروم کردیا گیا، چور دن دہاڑے سول اسپتال سے انتہائی چالاکی سے موٹر سائیکل سی ڈی 70 لے کر چلتا بنا۔ سول اسپتال سے موٹر سائیکل چوری ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، جس میں چور کو موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ سی سیکشن تھانے کی پولیس تین روز قبل ہونے والی واردات کے ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ سکھر پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تھانہ روہڑی پولیس نے دوران گشت موصولہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مقدمات میں مطلوب مفرور 5 ملزمان عبدالرفاقت، خالق، عبدالحسین، شاہ زیب اور مقبول احمد کٹپر کو گرفتار کرلیا جو متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ تھانہ پٹنی پولیس نے بھی کارروائی میں مقدمات میں مطلوب مفرور ملزم میر محمد جندار کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے پولیس پارٹی کی کامیاب کارروائی پر شاباشی کا پیغام دیا ہے۔ شکارپور کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی پولیس پر فائرنگ، پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی زخمی ہوگیا۔ زخمی اے ایس آئی طالب میمن کو سکھر کے نجی اسپتال میں علاج کے لیے منتقل کردیا گیا۔ نجی اسپتال انتظامیہ نے میڈیا کو زخمی پولیس اہلکار کی کوریج کرنے سے روک دیا۔ پولیس اہلکار کو ڈاکوؤں کے حملے میں دو گولیاں لگی ہیں