کوئٹہ،پرانی دشمنی کا شاخسانہ،فائرنگ سے 2 افرا د جاں بحق ،3 زخمی

148

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے علاقے سنجاوی میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق، تین زخمی ہوگئے، مسلح ملزمان دو افراد کو اغوا کرکے بھی لے گئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق سنجاوی کے علاقے انزر گٹ میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ مسلح ملزمان دو افراد کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔ جاں بحق افراد میں سیدال ولد عبدالرحمن اور نصرالدین ولد شہباز خان بلوچ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں عبدالرشید ولد محمد ظاہر، محمد انور ولد نیک محمد اور زکریا فتح محمد شامل ہیں۔ اغوا ہونے والوں میں نعمت اللہ ولد عبدالرحمن اور حبیب اللہ ولد راقیہ شامل ہیں۔ تینوں زخمی ڈی ایچ کیو لورالائی منتقل کردیے گئے، جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشیں سول اسپتال سنجاوی منتقل کردی گئیں جنہیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔ لیویز کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، تاہم جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ صفدر آباد لاہور، سرگودھا روڈ پر منی ٹرک کی چھت پر کھڑا نوجوان بجلی کی تاروں سے ٹکرا کرکرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ خانپور نہر کے قریب ٹرک کی چھت پر کھڑے نوجوان ثاقب علی کو 11 ہزار کے وی کی تاروں سے ٹکرانے سے شدید کرنٹ پڑا، جس سے وہ بری طرح جھلس گیا اور جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ریسکیو 1122 شیخوپورہ کی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش پولیس کے حوالے کی۔ متوفی کا تعلق شکر گڑھ سے تھا اور وہ مزدا ٹرک پر مال لوڈ کرنے کے لیے پیپر مل جارہا تھا کہ موت کے منہ میں جاپہنچا۔ سرگودھا کے چک 163 شمالی میں 50 سالہ محنت کش کو مسلح شخص نے کر کے قتل کردیا۔ پولیس نے مقتول کی لاش اسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا کے چک 163 شمالی میں 50 سالہ محنت کش سکندر حیات کھیتوں پر پانی لگا رہا تھا کہ مسلح شخص نے فائرنگ کی جس کا فائر سکندر حیات کی کمر پر لگا اور وہ موقع پر دم توڑ گیا۔ تاہم ابھی تک وجہ قتل سامنے نہیں آئی۔ پولیس تھانہ شاہ نکڈر نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پتوکی ایس ایچ او تھانہ سٹی پھولنگر اسلم بھٹی کی ایک اور دبنگ کارروائی، دس روز قبل اغوا ہونے والے بچے کو راجن پور سے بازیاب کرلیا اور اغوا کار مرکزی ملزم عاشق کو گرفتار کرلیا۔ پتوکی کھڑک سنگھ کوٹ کی رہائشی خاتون رمضانہ بی بی نے پولیس کو درخواست دی کہ میرے بیٹے پندرہ سال مقصود کو عاشق نامی شخص نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ نوکری کا جھانسہ دے کر اغوا کرلیا ہے، جس پر تھانہ سٹی پھولنگر ایس ایچ او اسلم بھٹی نے پولیس بھاری نفری کے ہمراہ فوری کارروائی کر کے راجن پور سے مغوی مقصود کو باز یاب کرلیا اور مرکزی ملزم عاشق کو گرفتار کرلیا۔ مغوی پندرہ سالہ مقصود کی والدہ رمضانہ بی بی نے ایس ایچ او اسلم بھٹی کو دعائیں دی اور ترقی کے لیے بھی دعا دی۔