کمشنر سکھر نے مہنگائی میں ہوشربا اضافے کا نوٹس لے لیا

193

سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے آٹے اور دیگر اشیا خورونوش کے نرخ بڑھنے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ خوراک، مارکیٹ کمیٹیز، بیورو آف سپلائیز اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایات دی ہیں کہ مہنگائی پر کنٹرول کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور ہر حالت میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، جبکہ گندم کی ممکنہ اسمگلنگ روکنے کے لیے سرحدی علاقوں پر نگرانی سخت کی جائے اور ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروںکیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں سکھر ڈویژن کے اندر مختلف اشیا خورونوش کے نرخوں پر کنٹرول کے سلسلے میں پرائس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر ٹو سکھر، بیورو آف سپلائیز، محکمہ خوراک، پولیس، مارکیٹ کمیٹیز اور دیگر متعلقہ محکموں و اداروں کے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے کہا کہ گندم اور آٹے کا بحران پیدا ہونے کے بعد یہاں سے گندم پڑوسی ممالک اور دیگر صوبوں کی طرف اسمگل ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے پولیس اور انتظامیہ کے حرکت میں آنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خصوصی طور پر سکھر اور گھوٹکی اضلاع کے سرحدی علاقوں میں نگرانی سخت کرتے ہوئے پولیس کی مدد سے ناکے قائم کیے جائیں اور گندم کے اسمگلنگ کی بھی صورت نہ ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کوٹا سے زائد گندم اسٹاک کرنے والی فلور ملز کیخلاف کارروائی کرکے رپورٹ دی جائے۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے مہنگائی پر کنٹرول کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں جن پر سختی سے عملدرآمد کروایا جارہا ہے۔ کمشنر سکھر نے سبزیوں اور دیگر اشیا خورونوش کی قیمتیں بڑھنے پر مارکیٹ کمیٹیز اور بیورو آف سپلائیز کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے ان پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ مختارکار اور اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں صبح کو منڈیوں میں سبزیوں اور پھلوں کے آکشن ہوں گے، جس کے بعد ریٹ لسٹیں جاری ہوکر مارکیٹ کے تمام دکانوں پر آویزاں ہونا لازمی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر اسسٹنٹ کمشنر کو 12 بجے تک واٹس ایپ گروپ پر ریٹ لسٹیں اپ لوڈ کرنی ہیں اور مقرر نرخ سے زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کیخلاف ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز جو بھی جرمانہ عائد کریں، اس کے چالان کی کاپی بھی گروپ پر اپ لوڈ کریں، اس کی بنا پر ہی اسسٹنٹ کمشنر کا پروفائل بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سیز، اے سیز اور مارکیٹ کمیٹیز ویجیلنس اور مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں وہ خود بھی اچانک مارکیٹس اور منڈیوں کا دورہ کریں گے اور خلاف ورزیاں کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والے تاجروں، دکانداروں اور مڈل مین کو جیل بھیجا جائیگا۔ انہوں نے ضلعی انتظامی افسران کو عوام کو ہر حالت میں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے ڈپٹی کمشنر سکھر سمیت دیگر اضلاع کے ڈی سیز کو اشیا خورونوش کے نرخوں پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نئی لسٹیں جاری کرکے قیمتیں کم کی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مہیا ہوسکے۔ انہوں کہا کہ کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔