ایل این جی کیس: شاہد خاقان کے بیٹوں اور بہوؤں کا بیان قلمبند

99

راولپنڈی/ اسلام آباد (صباح نیوز/ اے پی پی) ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی کے بیٹے عبداللہ اور حیدر اپنی بیگمات کے ساتھ نیب پنڈی آفس میں پیش، دونوں بیٹوں اور ان کی بیویوں نے بیان قلمبند کرا دیا۔ احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت، انور مجید کی بہوکی عدالت سے مسلسل غیر حاضری پر نیب نے مناہل مجید کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مناہل مجید کبھی بھی اس عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئیں، انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے۔ وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ مناہل مجید ریفرنس دائر ہونے سے پہلے سے بیرون ملک ہیں۔ جس پر عدالت نے سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ ریفرنس میں عبدالغنی مجید سمیت 13 ملزمان نامزد ہیں۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر سماعت کی۔ شریک ملزم سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ وکیل صفائی قاضی مصباح کیساتھ جرح کے دوران ریفرنس کے آخری گواہ تفتیشی افسر نادر عباس نے کہا کہ اسحاق ڈار کے غیر ملکی اثاثوں سے بھی شریک ملزمان کے تعلق کا کوئی ثبوت نہیں ملا، عبوری ریفرنس میں شریک ملزم نعیم محمود اور منصور رضا رضوی کا بینک اکاؤنٹس سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا جبکہ جے آئی ٹی کے ریکارڈ میں بھی منصور رضارضوی کیخلاف کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔ عدالت نے ریفرنس پر سماعت 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر بھی وکیل صفائی تفتیشی افسر نادر عباس پر جرح جاری رکھیں گے۔