بلاول زرداری عمران خان کے حواس پر طاری ہیں ،سعید غنی

105

کراچی( آن لائن )وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ بلاول زرداری عمران خان کے حواس پر طاری ہیں اور شاید اسے بلاول کی باتوں کا خوف سونے تک نہیں دیتا۔ تحریک انصاف عوامی جماعت نہیں بلکہ وہ ایک سلیکٹیڈ جماعت اور حکومت ہے‘ انہیں عوام نے ووٹ نہیں دیے ہیں۔ پی ٹی آئی بطور جماعت ایک چور اور کرپٹ جماعت ہے اور حکومت میںآنے سے قبل ہی وہ ایک کرپٹ جماعت تھی جس کا اظہار خود ان کی بنائی گئی جسٹس (ر) وجہہ الدین کی کمیٹی نے کردیا تھا۔ چیئرمین نیب کی جانب سے ایم
سی بی کے میاں منشا کا کیس کی تحقیقات کا ہائیکورٹ میں کیس دائر ہونے کے باعث نہ کرنے کی بات غلط ہے کیونکہ اس کیس کی تحقیقات کا خود سپریم کورٹ نے انہیں حکم دیا ہے لیکن نیب کے افسران اور خود چیئرمین نیب اس کیس کو نہیں کھولنا چاہتے اور یہی وجہ تھی کہ اس کو 6 سال تک اسٹیٹ بینک کے اندر دبائے رکھا گیا۔ چیئرمین نیب اگر میری شکایات پر ڈائریکٹر نیب سکھر کے خلاف مجھے دھمکیاں دینے اور میرے افسران کو ڈرانے دھمکانے کے خلاف ایکشن نہیں لیں گے تو میں یہ بات سمجھنے پر مجبور ہوں گا کہ یہ سب کچھ ان کی ایماء پر کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ ان کا پلان اے اچھا پلان تھا اور اس سے عام آدمی کو کوئی پریشانی اور تکالیف نہیں ہوئی تھی تاہم ان کے پلان پی اور سی کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے ان کی کوئی مشاورت نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی انہوں نے اس سے آگاہ کیا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ان کے پلان بی سے عوام کو پریشانی اور تکالیف ہورہی ہیں۔
سعید غنی