سکھر، انتظامیہ کی عدم توجہ ، شہر کچرا کنڈی میں تبدیل ، عوام عذاب میں مبتلا

360

 

سکھر( نمائندہ جسارت)سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شفیق آرائیں نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث شہر کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگیا ہے، صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال اور مفلوج نکاسی آب کے نظام نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کررکھا ہے، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور سیوریج کے جمع رہنے والے پانی سے اٹھنے والے تعفن و بدبو سے مختلف امراض پھیل رہے ہیں۔ انتظامیہ صرف زبانی و کلامی جمع خرچ کرکے اپنی جان چھڑارہی ہے جبکہ عوام اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں۔ شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں گندگی کے ڈھیر نہ ہو، انتظامیہ کے اس رویے پر عوام میں شدید غم و غصہ پھیل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دوست محمد جاگیرانی، نثار راجپوت، اصغر علی بھٹی، نعیم مغل اور احسان بندھانی و دیگر بھی موجود تھے۔ شفیق آرائیں نے کہاکہ جناح چوک، ڈھک روڈ، میانی روڈ، باغ حیات علی شاہ، شیخ شہین روڈ، واری تڑ روڈ، والس روڈ، نیم کی چاڑی، نیوپنڈ، گول ٹکری، نواں گوٹھ، بھوسہ لائن، پرانا سکھراور آدم شاہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں صفائی و ستھرائی کی صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوتی جارہی ہے، شہر کے اہم ترین کاروباری مراکز و شاہراہوں پر نکاسی آب کا نظام مفلوج ہونے سے سیوریج کا پانی سڑکوں کی زینت بنے رہنا بھی روز کا معمول بنا ہوا ہے۔گند وکچرے کے ڈھیر اور سیوریج کے جمع رہنے والے پانی سے مذکورہ علاقوں میں تعفن اور بدبو پھیل رہی ہے، جس نے شہریوں کو دہری مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔ افسران شہری مسائل کے حل کے لیے بلند و بانگ دعوے تو کرتے ہیں مگر عملی اقدامات کچھ بھی نہیں کیے جارہے ہیں، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ودیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے کر بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے