لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پولیس نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد کا کہنا ہے کہ 10 اکتوبر 2018ء بطور ایس ایس پی لاڑکانہ چارج سنبھالا جس کے بعد اب تک لاڑکانہ پولیس نے ڈاکوؤں، اشتہاریوں، روپوش، منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 3434 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جس میں 804 اشتہاریوں سمیت 2437 روپوش شامل ہیں۔ جرائم پیشہ افراد سے 141 مقابلے کیے، 41 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے 60 گروہوں کا قلع قمع کیا، جبکہ مذکورہ ملزمان سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا، جن میں 12 کلاشنکوف سمیت راکیٹ لانچرز، بم، ہینڈ گرنیڈ، گولے، شیل، 147 پستول، 76 شارٹ گنز، 60 ریوالرز اور بڑی تعداد میں گولیاں اور کارتوس شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاڑکانہ پولیس نے مختلف اضلاع اور مختلف مقامات سے چوری اور چھینی گئی 200 کے قریب موٹر سائیکلیں اور5 کاریں برآمد کیں۔ منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے لاڑکانہ پولیس نے آئس، کرسٹل، ہیروئن، چرس، شراب، سفینا سوپاری اور بڑی مقدار میں بھنگ بھی برآمد کرلی جن میں ہیروئن 8 کلو، چرس 465 کلو، بھنگ 5746 کلو، شراب کی 1438 بوتلیں، افیم 65 گرام، آئس 1300 گرام، کرسٹار 500 گرام، بڑی تعداد میں سفینا سوپاری اور گٹکے شامل ہیں۔ ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ لاڑکانہ پولیس کی جانب سے شہریوں کے سول مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے انکوائری اینڈ انویسٹیگیشن سیل، منارٹی سیل، ڈسٹرکٹ کمپلینٹ سیل، ڈبلیو آر سی کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ کمپلینٹ سینٹر اور کھلی کچہریوں کے ذریعے زمین و جائداد، لین دین، گھریلو، برادری جھگڑوں جیسے مسائل کی 7 ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 5 ہزار 500 درخواست گزاروں کے مسائل حل کیے جاچکے ہیں، بقیہ درخواستیں بھی زیر تفتیش ہیں۔ ایس ایس پی نے کہا کہ عوامی شکایات اور فرائض میں غفلت برتنے پر سیکڑوں افسران و اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے مختلف سزائیں بھی دیں جبکہ لاڑکانہ پولیس نے فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس میں مفت میڈیکل کیمپ، بلڈ کیمپ اور موبائل ورکشاپ سر فہرست ہیں۔ ضلع میں اس وقت 90 فیصد امن وامان کی صورتحال اطمینان بخش ہے، جلد لاڑکانہ ضلع کو جرائم پیشہ افراد اور جرائم سے پاک ضلع بنانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑیں گے۔