نوابشاہ،سی ائی اے پولیس اور ایکسائز پولیس کی مشترکہ کارروائی ، مضر صحت چھا لیہ ضبط

193

 

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) سی ائی اے پولیس اور ایکسائز پولیس کی مشترکہ کارروائی، نوے لاکھ روپے مالیت کی چھالیہ برآمد، غیر قانونی اور بغیر روٹ پرمٹ چلنے والی گاڑیوں اور چنگ چی رکشے پر بھاری جرمانے عائد۔ آئل کمپنیز کے ڈیپو میں حفاظتی انتظامات پر دربار حال میں اجلاس، ضلع بھر میں ٹائیفائیڈ کے حوالے سے مہم شروع کی جائے گی، قائد عوام یونیورسٹی میں کمپیوٹر سسٹم شعبہ میں ورکشاپ کا انعقاد۔ سی آئی اے پولیس اور ایکسائز پولیس کا مشترکہ آپریشن 90 لاکھ روپے مالیت کی چھالیہ اور چاول سے بھرا ٹرک پکڑ لیا۔ نیشنل ہائی وے پر صابو راہو ایکسائز چیک پوسٹ پر خفیہ اطلاعات پر ایکسائز اور سی آئی اے پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹرک سے جس میں 143 چاول کی بوریوں کے نیچے چھپائی گئی 217 بوری چھالیہ کی برآمد کرکے اپنی تحویل میں لے لی اور ٹرک ڈرائیور عبدالواحد کو گرفتار کرکے ایکسائز آفس نوابشاہ لایا گیا جہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹرک ڈرائیور نے بتایا کہ چھالیہ کوئٹہ سے کراچی لے جارہا تھا کہ صابو راہو چیک پوسٹ پر دوران چیکنگ مجھے گرفتار کیا گیا جبکہ ایکسائز انسپکٹر شفیق احمد رند نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر ایکسائز اور سی آئی اے پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے 277 بوری چھالیہ جو گٹکا مین پوری اور دیگر نشہ آور چیزوں میں استعمال ہونی تھی برآمد کرلیے۔ سندھ ہائی کورٹ کے سخت احکامات کے باعث ہم نے ایسی کارروائی کی ہے۔ آل پاکستان آئل ٹینکر ایسوسی ایشن سندھ کے صدر عبدالجبار سہو کی جانب سے نوابشاہ کے علاقے دولت پور میں قائم مختلف آئل کمپنیوں کے ڈپوؤں میں کمپنی مالکان کی جانب سے آئل ڈپوؤں میں سیکورٹی آگ بجھانے کے نامکمل انتظامات صحت کی سہولیات کے فقدان کے حوالے سے درخواست دی گئی تھی، جس پر ڈپٹی کمشنر بینظیر آباد ابرار جعفر کی صدارت میں دربال حال میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی موٹروے پولیس سجاد حسین بھٹی دولت پور میں قائم گیارہ آئل ڈپوؤں کے انچارجز سمیت آئل ٹینکر ایسوسی ایشن سندھ کے صدر عبدالجبار سہو نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ابرار جعفر نے آئل ڈپوؤں کے انچارجز کو پابند کرتے ہوئے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈپو مالکان فوری طور پر اپنے اپنے ڈپوؤں میں فائر بریگیڈ آگ بجھانے کے آلات سیکورٹی کے انتظامات اور صحت کی سہولیات کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اگر ڈپو مالکان نے احکامات پر عمل درآمد نہ کیا تو فوری طور پر ڈپو مالکان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔