لاڑکانہ، سگ گزیدگی کا شکار غریب نوجوان زندگی اور موت کی کشمش میں مبتلا

375

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سگ گزیدگی کا ایک اور دلخراش کیس سامنے آگیا، ذرا سی لاپروائی کے باعث نوجوان زندگی اور موت کی کشمش کا شکار ہوگیا۔ روہڑی کے نواحی گاؤں بھڑیو کے رہائشی 25 سالہ نوجوان نیک محمد کو علاج کے لیے تشویش ناک حالت میں سکھر سے لاڑکانہ چانڈکا اسپتال شفٹ کیا گیا تاہم لاڑکانہ کے ڈاکٹر کا کہنا ہے مریض کو سگ گزیدگی اور ویکسینیشن میں تاخیر کے باعث ہائیڈرو فوبیا ہوچکا ہے جبکہ ریبیز کے ٹیسٹ کروانا بھی ناگزیر ہوچکا ہے اس لیے مریض کو کراچی ریفر کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب علاج کے لی در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور متاثرہ نوجوان کے والد منٹھار کا کہنا تھا کہ بیٹے کو 4 ماہ قبل کتے نے کاٹا، مقامی طور پر علاج کروایا، تاہم ویکسینیشن نہیں کروائی تھی، اب 4 ماہ بعد طبیعت نہایت خراب ہونے پر چانڈکا اسپتال کے ڈاکٹر نے کراچی لے جانے کا کہا ہے، غربت کے باعث اتنے اخراجات برادشت کرنا بھی ایک الگ مشکل ہے۔