کوئٹہ، صدر کی آمد پر سڑکیں بند، عارف علوی ہیلی کاپٹر سے پہنچے

291

کوئٹہ(آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر انوکھا پروٹوکول،شہر کی بیشتر شاہراہیں بند کی گئیں جب کہ صدر مملکت بذریعہ ہیلی کاپٹر جامعہ بلوچستان پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے، اس موقع پر کوئٹہ شہر میں سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے ،صدر مملکت کی آمد کے موقع پر انوکھا پروٹوکول دیکھنے میں آیا، شہر کی بیشتر شاہراہیں بندہونے کے باعث شدید سردی میں اسکول کے بچوں ،مریضوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بلیلی ،نواں کلی اور سمنگلی روڈ سے آنے والی بسوں کو کوئلہ پھاٹک پر روک دیا جبکہ سریاب روڈ ،ہزار گنجی اور دیگر علاقوں سے آنے والی بسوں کو شہر میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے شہریوں نے پیدل سفر کیا ،صدر مملکت کوئٹہ پہنچنے کے بعد کوئٹہ ائر پورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر جامعہ بلوچستان پہنچ گئے اور ایکسپو صنعتی زون کاافتتاح کیاگیا ۔اس موقع پر گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی،وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال،صوبائی وزراء اراکین صوبائی اسمبلی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ جب صدر مملکت کوہیلی کاپٹر پر ہی جامعہ بلوچستان پہنچنا تھا تو سڑکیں کیوں بند کی گئیں، بلوچستان ہائیکورٹ اس کا نوٹس لے ۔