اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو وفاقی کابینہ میں توسیع اور رد و بدل کے بعد منصوبہ بندی اور اسپیشل انیشی ایٹو کا وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ خسرو بختیار کو پیٹرولیم کا وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔وفاقی کابینہ میں اس وقت 24وزرا ہیں جن میں سے عمر ایوب خان کے پاس پاور ڈویژن کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم ڈویژن کا اضافی قلمدان ہے جو اب خسرو بختیار کو دیا جارہا ہے۔خسرو بختیار کے پاس پلاننگ، ڈیولپمنٹ اور ریفارم کی وزارت تھی تاہم اب یہ وزارت اسد عمر کو سونپی جارہی ہے۔اس سے قبل اسد عمر نے بطور وزیر خزانہ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے ساتھ پیکج کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈلاک کے باعث وزارت سے استعفادیا تھا جس کے بعد سے وزیر خزانہ کا قلمدان خالی ہے اور اس وقت عبدالحفیظ شیخ وزیر اعظم کے مشیر خزانہ کی حیثیت سے ذمے داریاں نبھارہے ہیں۔