تسلیم کرتا ہوں ملک میں گڈ گورننس نہیں،شیخ رشید

490

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تسلیم کرتا ہوں ملک میں مہنگائی ہے گڈ گورننس نہیں ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نےسابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیماری پر سیاست کرنے کے قائل نہیں ہیں، ن لیگ کو مشورہ دیتاہوں زیادہ بیماری بیماری نہ کریں کہیں یہ نہ ہو کہ یہ فلم ہی الٹی ہوجائے، جائیں باہر علاج کرا کر واپس آئیں ہم ان کا انتظار کر رہے ہیں جب کہ فضل الرحمان غلط فہمی دور کرلیں ق لیگ عمران خان کے ساتھ ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تسلیم کرتا ہوں ملک میں مہنگائی ہے، گڈ گورننس نہیں تاہم عمران خان 5 سال پورے کریں گے،مہنگائی کم کرنے کے لیے عمران خان کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زمہ داری سے کہتا ہوں خورشید شاہ کے سوا سب پلی بارگین پرہیں جب کہ صرف حمزہ شہباز اور خورشید شاہ پھنسے ہوئے ہیں۔

پاکستان ریلوے میں حادثات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حادثے نہیں ہونے چاہئیں، عملہ میری ساری محنت پر پانی پھیر دیتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون اسی مہینے شروع ہو جائے گا، میری کوشش ہے کہ چین کی کمپنی ریلوے ٹریک ڈال دے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے کچھ کیا ہو یا نا کیا ہو لیکن تعلیم کے لیے ضرور کام کیا ہے، بہت جلد راولپنڈی میں چار یونیورسٹیاں ہوں گی،راولپنڈی 10سال سے تعلیم میں پہلے نمبر پر ہے،راولپنڈی واحد شہر ہوگا جہاں 4 یونیورسٹیز ہوں گی،انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں 200 کنال پر سب سے بڑا اسپتال بنا رہے ہیں۔